بھونیشور، 17؍ستمبر(آئی این ایس انڈیا )ا سٹار جمناسٹ دیپا کرماکر کے کوچ بشویشور نندی نے اس تصور کو مسترد کیا ہے کہ گزشتہ ماہ ریو اولمپکس میں اچھی کارکردگی کرنے والی دیپا اور دیگر کھلاڑیوں کو مقابلے کے بعد ملنے والی مالی امداد اگر برازیل جانے سے پہلے ملتی تو بہتر رہتا۔نندی نے دیپا اور ان کو یہاں ہندوستانی کھیل صحافی یونین کے 39ویں قومی کانفرنس کے دوران ایوارڈ سے نوازے جانے کے بعد کہاکہ یہ ہندوستان ہے، آپ کو یہاں پہلے کارکردگی دکھانی ہوتی ہے، آپ لوگ(میڈیا)بھی ان کے کچھ خاص کرنے کے بعد ہی ان کے بارے میں لکھتے ہیں۔نندی نے یہ رائے کئی سابق کھلاڑیوں کے نظریہ کے بعد دی تھی جس میں سابق ہاکی کپتان دلیپ ٹرکی بھی شامل تھے جنہون نے کہا تھا کہ اگر اولمپک جیسے بڑے مقابلوں کی تیاری کے لیے اس طرح کی مدد ملے تو کھلاڑیوں کے لیے کافی مددگار رہے گا۔وا لٹ فائنل میں کانسہ کے تمغہ سے چوکنے والی دیپا کے علاوہ ریو کھیلوں کے میڈلسٹ بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور پہلوان ساکشی ملک کو ان کی کارکردگی کے بعد نقد انعام دئیے گئے تھے اور ساتھ ہی انہیں مہنگی کاریں بھی ملی تھیں ۔